Monday, 5 October 2015

لندن: ناسا کی جانب سے مریخ پر پانی کے بڑے ذخیروں کی موجودگی کے اعلان نے ایلین سے متعلق سائنس دانوں کے نظریات کو کسی حد تک سچ ثابت کردیا ہے اور اب کچھ ماہرین فلکیات اور سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ایلین زمین کا اکثر و بیشتر دورہ بھی کرتے رہتے ہیں اور یو ایف او کو مسلسل دیکھنا اس کا ثبوت ہے۔

سائنس دانوں نے ایک بار پھر دعوی کیا ہے کہ مریخ پر بسنے والے ایلین زمین کا دورہ کر چکے ہیں تاہم وہ ابھی تک اس کا کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکے۔ کچھ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یہ مخلوق انسان سے کہیں زیادہ ذہین اور ٹیکنالوجی سے مزین ہے اور اگر وہ زمین پر آگئے تو انسانی وجود کے لیے خطرہ بن جائیں گے۔ عالمی شہرت یافتہ سائنس دان اسٹیفن ہاکنگ نے 2010 میں کہا تھا کہ اگر ایلین نے زمین کا دورہ کیا تو یہاں انسان کو حال وہی ہوگا جیسا کولمبس کے امریکا دریافت کرنے کے بعد وہاں کے مقامی امریکن کے ساتھ ہوا اور وہ اپنی زمین پر غلام بن گئے۔
مشہور ماہر فلکیات کارل سیگن کا کہنا ہے کہ انسان اس کائنات کے نئے بچے ہیں تاہم کسی چیز کے بارے میں جاننے سے قبل اس کے بارے میں چیخ و پکار کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ برطانیہ کی اہم آبزرویٹری یونیورسٹی آف ہرٹ فورڈ شائر کے سائنس دان مارک گالا وے کا کہنا ہے کہ انسان زمین پر سپر پری ڈیٹر ہے جب کہ خلا میں موجود سپر پری ڈیٹرز ہم سے زیادہ طاقت ور اور حملہ آور ہیں اور اگر وہ زمین پر آئے تو یہاں ان ہی کا قبضہ ہوگا اس لیے ہمیں اس سے متعلق کچھ کرنا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ انسان کوایلین سے متعلق محتاط رہنا چاہئے اور تاریخ گواہ ہے جب بھی زیادہ جدید ٹیکنالوجی رکھنی تہذیت کم ترقی یافتہ تہذیت سے ٹکرائی تو کم ترقی یافتہ تہذیب شکست کھا گئی۔
کچھ سائنس دانوں نے  تھیوری ’ڈارک ایکویشن‘ میں دعوی کیا ہے کہ کائنات میں بسنے والی مخلوقات سمندر کی ریت کے ذروں سے بھی زیادہ ہے تاہم اس مخلوق سے رابطہ نہ ہونا پر اسرار ہے دیکھنا ہے کہ یہ راز کب کھلتا ہے۔ برطانیہ میں کیے گئے سروے کے مطابق ہر دوسرا برطانوی، امریکی اور جرمن اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ کائنات میں انسان سے کہیں زیادہ ذہین مخلوق موجود ہے جب کہ ان میں سے اکثر کا کہنا کہ چونکہ ایلین زمین سے بہت فاصلے پر ہیں اس لیے ان سے رابطہ  ممکن نہیں اور 17 فیصد کا خیال ہے کہ سائنس دان اس سے رابطہ کر چکے ہیں لیکن اسے عام لوگوں سے چھپایا جا رہا ہے۔

کیلیفورنیا: کمپیوٹر کی ترقی نے انسان کو بے شمار صلاحیتیں اور قوت دے دی ہے اور یہ سفر رکا نہیں بلکہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اسی لیے ایک سائنس دان نے دعویٰ کیا ہے کہ انسانی دماغ میں چھوٹا سا روبوٹ فٹ کرکے اسے انٹرنیٹ سے کنیکٹ کردیا جائے تو اس میں غیر معمولی اور سپر نیچرل طاقت اور ذہانت پیدا ہوجائے گی۔

گوگل کی کے لرننگ پراجیکٹس پرکام کرنے والے اورمستقبل کو اپنی انگلیوں پر گننے والے عالمی شہرت یافتہ سائنس دان رے کرزویل کا کہنا ہے کہ وہ اس منصوبے پرکام کررہے ہیں کہ انسانی دماغ میں نینو روبوٹ یعنی چھوٹا روبوٹ فٹ کرکے اسے کلاؤڈ بیسڈ کمپیوٹر نیٹ ورکس سے جوڑ دیا جائے تو اس میں ایسی صلاحیتیں پیدا ہوجائیں گی جو غیرفطری اورحیرت انگیز ہوں گی۔ ان کا کہنا ہے کہ 2030 تک انسانی دماغ کے سننے اور دیکھنے والے خاص حصے ’نیوکارٹیکس‘ میں نینو روبوٹ کو لگا دینے کی ٹیکنالوجی پرکام مکمل ہوجائے گا جس کی بدولت انسانی دماغ براہ راست پوری دنیا سے لنک ہوجائے گا۔
یونیورسٹی آف موفیٹ فیلڈ کیلیفورنیا کی ایک تقریب سے خطاب میں میں ان کا کہنا تھا کہ اس پراجیکٹ کی بدولت انسان کے جذبات اور تخلیقی صلاحیتوں کو بھی بڑھایا جا سکتا ہے، یہ صلاحیت انسانی دماغ میں موجود معلومات اور صلاحیتوں کو کلاؤڈ کی مدد سے کئی گنا بڑھا دے گی اور یوں مصنوعی ذہانت ( آرٹیفیشل انٹیلیجنس)  کا استعمال کرتے ہوئے انسان میں سپر نیچرل طاقت اور صلاحتیں پیدا کی جا سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خوبصورتی، محبت، تخلیق اور ذہانت سب کچھ نیوکارٹیکس (دماغ کے مخصوص حصے) میں جمع ہوتا ہے اور اب وہ اس کارٹیکس کو وسیع کرنے کے منصوبے کو مکمل کررہے ہیں تاکہ ان صلاحیتوں کو بڑھایا جا سکے جس کے نتیجے میں کوئی بھی انسان زیادہ تخلیقی، زیادہ مزاح نگار، بہترگلوکاراور اپنی محبت کے جذبے کا زیادہ اظہار کرنے جیسی بے شمار صلاحیتوں کا مالک بن جائے گا۔
سائنس فنکشن فلموں میں انسانی جسم میں نینو مشینز لگانے کے مناظر اکثر دیکھنے میں آتے ہیں جس سے انسانی دماغی صلاحتیں کئی گنا بڑھ جاتی ہے جیسے ٹی وی سیریز اسٹار ٹریک میں انتہائی چھوٹے مالیکیولر روبوٹ انسانی جسم میں داخل کیے جاتے ہیں جو جسم کی تباہی کی صورت میں خلیوں کی مرمت کرکے اسے پہلے جیسا کردیتی ہے اسی لیے سائنسدان کرزویل کا کہنا ہے کہ اس تھیوری کے مطابق ڈی این اے کی مدد سے ایسے روبوٹ تیار کئے جا سکتے ہیں جسے دماغ میں انجیکٹ کرکے ویسی ہی صلاحتیں پیدا کی جا سکتی ہیں۔

لاہور: ریٹرننگ افسر نے این اے 122 میں وفاقی وزرا کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار ایاز سادق سے جواب طلب کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق این اے 122 کے ضمنی انتخاب کے لئے مقرر ریٹرننگ آفیسر نے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئر پرسن ماروی میمن کے انتخابی مہم میں شرکت کا نوٹس لے لیا ہے۔ متعلقہ ریٹرننگ آفیسر نے اپنے نوٹس میں کہا ہے کہ سردار ایاز صادق بتائیں کہ دونوں وزرا نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کس طرح انتخابی مہم میں حصہ لیا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے تحت انتخابی مہم میں وزیر اعظم و وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت وفاقی و صوبائی وزرا پر انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی ہے۔

لندن پولیس اسٹیشن میں الطاف حسین کے ہمراہ فاروق ستار، فروغ نسیم، ندیم نصرت اور دیگر تھے۔ فوٹو : فائل لندن: منی لانڈرنگ کیس میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی ضمانت میں 4 ماہ کی توسیع کردی گئی۔

منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت ختم ہونے کے بعد ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اپنا بیان ریکارڈ کرانے لندن پولیس اسٹیشن پہنچے جہاں انٹرویو کے دوران ان سے کئی سوالات کئے گئے۔ اس موقع پر بیرسٹر فروغ نسیم، فاروق ستار، محمد انور،ندیم نصرت، بیرسٹر سیف اور دیگر بھی موجود تھے۔ ڈھائی گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہنے والے انٹرویو کے دوران ایم کیو ایم کی جانب سے ضمانت میں توسیع کی درخواست کی گئی جسے منظورکرتے ہوئے تیسری مرتبہ الطاف حسین کی ضمانت میں توسیع کردی گئی جس کے بعد فروری 2016 میں وہ دوبارہ لندن پولیس کے سامنے پیش ہوں گے۔
واضح رہے کہ 26 اگست کو ایم کیو ایم کے قائد نے عدالت میں پیشی کے لئے مزید وقت مانگا تھا۔ لندن کے علاقے ایجویر میں اسکاٹ لینڈ یارڈ نے ایم کیو ایم کے قائد کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر لاکھوں پاؤنڈز برآمد کئے تھے جس کے بعد ان پر منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔